حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گذشتہ سال کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں منعقد عشرہ مجالس کو مولانا سید علی ہاشم عابدی خطاب کر رہے ہیں۔
"امام حسین علیہ السلام کی شخصیت اور سیرت" کے عنوان سے منعقد عشرہ مجالس کی ساتویں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے بیان کیا کہ اللہ نے جس طرح اپنی اور اپنے رسول کی اطاعت واجب کی ہے اسی طرح اہلبیت علیہم السلام کی بھی اطاعت واجب کی ہے۔ لیکن انکی شخصیت اور سیرت سے آشنائی کے بغیر اطاعت ممکن نہیں ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ ہم تعلیمات اہلبیت علیہم السلام سے خود بھی آشنا ہوں اور بچوں اور جوانوں کو بھی آشنا کرائیں۔ اگر ہم نے صحیح بات نہیں پہنچائی تو دشمن اپنی غلط اور مضر باتوں سے نقصان پہنچا دے گا۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے کہا: آج سوشل میڈیا کے ذریعہ جہاں مقدسات دین اور ضروریات مذہب پر اعتراض اور شک و شبھہ ایجاد کر کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے وہیں بنام دین غیر معتبر احادیث و پیغامات کے ذریعہ بھی گمراہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں لہذا ضروری ہے کہ صحیح دین جو قرآن و سنت کے آئینہ میں ہے اس سے خود بھی آشنا ہوں اور دوسروں کو بھی آشنا کرائیں تا کہ دشمن کی سازشیں ناکام ہوں اور ہم دنیا و آخرت میں سعادتمند بن سکیں۔